بنگلور، 10 جون (ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور ) ریاستی پولیس ڈائرکٹر جنرل اوم پرکاش نے ریاستی وزیر پرمیشور نائیک پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی پولس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ انوپما شنائی کا استعفیٰ منظور کر لیا ۔مسٹرپرمیشور نائیک نے صحافیوں سے بات چیت میں اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ "میں نے ان کے استعفیٰ کیلئے حکومت پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا ہے ۔ یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے ، اب میں اس پر کوئی رد عمل نہیں دینا چاہتا ہوں۔ محترمہ انوپما شنائی نے اپنے استعفے میں کہا ہے کہ وہ مسٹر نائیک کی طرف سے ڈانٹے جانے کی وجہ سے یہ قدم اٹھا رہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ ان کے جونیئر اہلکار ان کے احکامات پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے پریشان تھیں اور آخر کار استعفیٰ دے دیا۔ایک اور وزیر شری نواس پرساد نے کہا کہ انہیں استعفیٰ دینے کیلئے مجبور نہیں کیا گیا اور استعفیٰ واپس لینے کیلئے کافی وقت دیا گیا تھا۔ محترمہ انوپما شنائی جب اپنی بات پر قائم رہیں تو حکومت کے پاس استعفیٰ قبول کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔مرکزی وزیر اننت کمار نے ایک وزیر اور سینئر اہلکار پر محترمہ شنائی پر استعفیٰ دینے کا دباؤ ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے معاملہ کی پوری جانچ کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے مطابق انہیں گزشتہ تین برسوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور تحقیقات کے بعد ہی حقیقت سامنے آ سکے گی۔